4ہزار طلبہ کی واپسی ،بشکیک تشدد پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی:اسحاق ڈار

4ہزار طلبہ کی واپسی ،بشکیک تشدد پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی:اسحاق ڈار

اسلام آباد (اے پی پی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ بشکیک سے 4 ہزار طلبہ کی واپسی کے بعد وزارت خارجہ نے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی تاکہ اس واقعہ کی وجوہات جانچنے کے ساتھ ساتھ وہاں صورتحال سے نمٹنے میں پاکستان کے مشن کے کردار کا جائزہ لیا جا سکے ۔

جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) محمد سلیم کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ کمیٹی حقائق جاننے کے لئے پاکستانی مشن اور کرغزستان حکومت سمیت متعلقہ لوگوں سے بات چیت کرے گی ۔ بشکیک سے واپسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزرا کو کرغز حکام کی تجویز پر بشکیک کا دورہ منسوخ کرنا پڑا تاہم آستانہ میں اپنے کرغز ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے تشدد سے متاثرہ پاکستانی شہری سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، جس کے بعد وہ وہاں گئے ۔بشکیک کے دورے کے دوران، نائب وزیر اعظم نے پاکستانی کارکن شاہ زیب سے ہسپتال میں ملاقات کی، جن کا اس واقعے میں جبڑے کا فریکچر ہوا تھا۔ بعد ازاں بشکیک کے محکمہ صحت کے حکام کی اجازت کے بعد وہ اپنی خواہش پر نائب وزیر اعظم کے خصوصی طیارے میں واپس پاکستان آئے ۔

نائب وزیر اعظم کو کرغزستان حکام نے بتایا کہ تشدد کے ان واقعات کا ہدف صرف پاکستانی شہری نہیں تھے ، تاہم اس معاملے کو کرغز ستان کے صدر کے ذریعے یہ اعلان کرنے کے بعد حل کر لیا گیا کہ آئندہ ایسے کسی بھی تشدد کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہوگی۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ کرغز ستان حکومت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ مجرموں کو سزا دیں گے جبکہ کچھ کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے کرغزستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ بات چیت کے لیے اپنے نمائندے بھیجیں۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغز جمہوریہ کے وزیر خارجہ کلوبایف ژین بیک مولدوکانووچ سے تفصیلی ملاقات کی جس میں کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف تشدد کے حالیہ افسوسناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانیوں کے خلاف تشدد کی حالیہ کارروائیوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ کرغز وزیر خارجہ نے امن و امان کی بحالی کے لیے کرغز حکام کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی وضاحت کی اور ہجومی فسادات کے مرتکب افراد کی گرفتاری، مقدمہ چلانے اور سزا دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں