وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر کا رابطہ، عید کی مبارکباد دی، نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز)عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیراعظم شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک کے عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کیلئے دعا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا تاجک صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مشترکہ چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے باکو میں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز COP29 کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد دی، وزیراعظم نے کانفرنس میں شرکت کی ذاتی دعوت دینے پر صدر علییوف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عزم کا اظہار کیا کہ کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم نے صدر علییوف کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کیلئے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔

صدر علییوف کی یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں