حماد اظہر ایک سال روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئے

 حماد اظہر ایک سال روپوشی  کے بعد منظر عام پر آگئے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، دنیا نیوز )تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کئی ماہ بعد اپنی روپوشی ختم کرتے ہوئے اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئے وہاں موجود کارکن حیر ان رہ گئے ۔

 حماد اظہر گزشتہ سال 9مئی کے بعد سے روپوش تھے اور اب تقریباً ایک سال بعد منظرعام پر آئے ہیں۔گزشتہ روز سنٹرل سیکرٹریٹ پہنچنے پر انہوں نے کہاکہ کل مجھے بانی تحریک انصاف کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہو گیا اور یہاں سے پشاور جا کر قبل از گرفتاری ضمانت لے کر عدالت میں پیش ہوں گا۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جاؤ لیکن اب روپوشی ختم کردی ۔حماد اظہر نے مزید کہاکہ مراد سعید سمیت اب پارٹی کے تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں عدالتوں پر یقین رکھتا ہوں اور پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر کے پھر پنجاب کی عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑوں گا۔حماد اظہر کی مرکزی سیکرٹریٹ میں موجودگی کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس کے اہلکار انھیں گرفتار کرنے کے لیے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئے ، لیکن حماد اظہر ان کے ہاتھ نہ آئے ۔

پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کے لیے سیکرٹریٹ کے ایک ایک کمرے کی تلاشی لی مگر وہ ان کووہاں سے تلاش نہ کر سکی۔پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ رؤف حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے بغیر وارنٹ کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا ہے ، ہم نے وارنٹ مانگا تو کہتے ہیں کہ تم ہوتے کون ہو ہم سے وارنٹ مانگنے والے ،ہمارے ملازمین کو بھی باہر سے اندر نہیں آنے دیا جا رہا ،ان کاکہنا تھا یو این کا وفد بھی ادھر موجود ہے ، ان کی موجودگی میں چھاپہ مارا گیا ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے بعد میاں اسلم اقبال کو بھی منظر عام پر آنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے حماد اظہر اور اسلم اقبال کو حکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے منظر عام پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں