فضل الرحمٰن کا مطالبہ تسلیم ،مدارس رجسٹریشن آرڈیننس جاری کرنیکی منظوری:ایک ہفتے میں انسانی سمگلرز گرفتار کیے جائیں:وزیراعظم

فضل الرحمٰن کا مطالبہ تسلیم ،مدارس رجسٹریشن آرڈیننس جاری کرنیکی منظوری:ایک ہفتے میں انسانی سمگلرز گرفتار کیے جائیں:وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار) حکومت نے جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمن کا مطالبہ تسلیم کر لیا ،وفاقی کابینہ نے مدارس رجسٹریشن آرڈیننس جاری کرنیکی منظوری دیدی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں انسانی سمگلرز گرفتار کیے جائیں۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2024 میں بینکنگ کمپنیز کے حوالے سے ترامیم کی منظوری دے دی-وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی و موسمیاتی کوارڈینیشن کی سفارش پر کاربن مارکیٹ میں تجارت کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات اور وفاقی وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر خیبر پختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو انشورنس ٹر بیونل کے اضافی اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے افغا ن حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین سے ٹی ٹی پی کی کارروائیاں روکے ، ایک طر ف تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار جبکہ دوسری طرف ٹی ٹی پی کو کھلی چھٹی اورافغانستان سے پاکستان پرحملے ،یہ دوعملی قبول نہیں،ہم پاکستان کی سالمیت کے تقاضوں کا پوری طرح دفاع کریں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے جس کے ساتھ ہماری ہزاروں کلومیٹرز لمبی سرحد ہے ۔ اس کے ساتھ تعلقا ت بہتر بنانا ، معاشی تعاون، تجارت کا فروغ اور تعاون کو وسعت دینا ہماری خواہش ہے لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ ٹی ٹی پی آج بھی وہاں سے آپریٹ کررہی ہے اور پاکستان میں ہمارے بے گناہ لوگوں کو شہید کررہی ہے ، یہ پالیسی نہیں چل سکتی۔وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو پارا چنارمیں این ڈی ایم اے کے ذریعے ہیلی کاپٹرزبھجوا کرادویات کی فراہمی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کواے ڈی آرکے حوالے سے مثبت پیشرفت کے بارے بتایا اور نائب وزیراعظم ، وزیر خزانہ اورسٹیٹ بینک کے گورنر کے کردار کو سراہا جنہوں نے بینکوں کے ساتھ معاملہ طے کرنے کے لئے بہت محنت سے کام کیا۔وزیراعظم نے بتایا کہ قومی خزانے کو اس کاوش سے 70ارب روپے موصول ہوں گے اور آئندہ تین سالوں میں 140ارب روپے کے لگ بھگ رقم خزانے میں آئے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ بینکوں نے ساڑھے 22فیصد پالیسی ریٹ کافائدہ اٹھاتے ہوئے بے پناہ منافع کمایا اور ٹی بلزپرانویسٹ کرتے رہے ایسے میں ملک میں صنعتیں نہیں لگ سکتی تھیں۔جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت پاکستان ملک سے انسانی سمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے ۔بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے لیے ویزا کی جانچ پڑتال اور دیگر قواعد و ضوابط کو مؤثر بنایا جائے ۔وزیراعظم نے کہا ایک ہفتے کے اندر انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کو حراست میں لیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گیس کی سپلائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں