امریکا پاکستانی برآمدت کیلئے اہم ملک :محمد اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کابڑا تجارتی شراکت دار اور پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے اہم ملک ہے ۔
امریکا میں ان کی پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ سے ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا اوراس بات کا اعتراف کیاگیا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑاتجارتی شراکت دار اور برآمدی منڈی ہے ۔ملاقات کا مقصد پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت ، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے شعبوں میں پیشرفت کاجائزہ لیناتھا۔ وزیرخزانہ اورامریکا میں پاکستان کے سفیرنے اقتصادی سفارتکاری کو مزید بڑھانے ،مشترکہ کاروباری منصوبوں اور معاشی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔ملاقات میں پاکستانی تارکین وطن کو سرمایہ کاری کیلئے متحرک کرنے پر زور دیاگیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ریمیٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس بھی ہواجس میں محصولات میں اضافے ، سرمایہ کاری کے ماحول، تجارت اور مجموعی معیشت کاجائزہ لیاگیا ۔ وزیر خزانہ نے پروگرام کی سرگرمیوں اور اہداف کی نگرانی کیلئے اپنی ذاتی وابستگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پروگرام کو اس کے طے شدہ راستے پر گامزن رکھنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔