سائبر خطرات:پی کے سرٹ کا عالمی کمپنی کے ساتھ معاہدہ پر دستخط
ملک میں سائبر خطرات کی شناخت، روک تھام اور سائبر مزاحمت کو مضبوط بنایا جائیگا سائبر سکیورٹی تعلیم، تحقیق و ترقی اور متعلقہ قوانین و ریگولیشنز کی بہتری پر توجہ دی جائیگی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر، نامہ نگار)پاکستان نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (پی کے سرٹ) اور سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے مابین معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت سائبر خطرات کی شناخت، تدارک، اور روک تھام کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ شراکت داری کے تحت مختلف مربوط اقدامات کیے جائیں گے جن میں وسیع تربیتی پروگرام اور آگاہی مہمات شامل ہیں تاکہ حکومت، صنعتی و تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کی عملی تیاری بہتر بنائی جا سکے ۔
دونوں ادارے سائبر سکیورٹی کے مختلف شعبوں قانون سازی و ریگولیشنز، واقعات کی نشاندہی و ردعمل، تدارک کی حکمتِ عملی، سائبر سکیورٹی تعلیم، تحقیق و ترقی اور معلومات کے پیشہ ورانہ تبادلے میں تعاون اور سائبر خطرات و حملوں سے متعلق تکنیکی معلومات، انٹیلیجنس، اور ڈیٹا فیڈز کا تبادلہ کریں گے ۔ معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل سرٹ ڈاکٹر حیدر عباس اور کیسپرسکی کے جنرل منیجر مشرقِ وسطیٰ اور پاکستان راشد المومنی نے دستخط کیے ۔ کیسپرسکی کے سی ای او یوجین کیسپرسکی اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر حیدر عباس نے تقریب سے خطاب میں کہا عالمی ادارے کے ساتھ ہمارا تعاون قومی سائبر سکیورٹی مضبوط بنانے کی سمت قدم ہے ۔