سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، 21668 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، 21668 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

آئی ٹی وای کامرس کے شعبے نمایاں، چین 71فیصد حصے کیساتھ سرفہرست رہا بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی مستقبل کے امکانات پر اعتماد کا اظہار ہے ،حکام

کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے جن کے مطابق ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔ایس ای سی پی کے مطابق جولائی تا دسمبر کے عرصے میں 21 ہزار 668 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 29 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی رجسٹریشن ملک میں کاروبار دوست پالیسیوں، ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام اور نجی شعبے کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان نئی کمپنیوں کی جانب سے 30 ارب 70 کروڑ روپے کا ادا شدہ سرمایہ جمع کرایا گیا۔ نئی رجسٹریشن کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 724 تک پہنچ گئی ہے ۔شعبہ وار جائزے میں آئی ٹی اور ای کامرس سب سے نمایاں رہے جہاں 4 ہزار 277 نئی کمپنیوں کا اندراج ہوا ۔ ٹریڈنگ، سروسز اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں بھی نمایاں کارپوریٹ گروتھ ریکارڈ کی گئی ۔مزید برآں 524 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری شامل رہی جن میں مجموعی طور پر 1 ارب 26 کروڑ  کی سرمایہ کاری کی گئی۔ ایس ای سی پی نے بتایا کہ چین 71 فیصد حصے کے ساتھ سرفہرست رہا ۔ حکام کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی پاکستان کی معیشت میں بتدریج بحالی اور مستقبل کے امکانات پر اعتماد کا اظہار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں