پی ایم ڈی سی نے 20 میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کو فیس بڑھانے سے روکدیا

پی ایم ڈی سی نے 20 میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کو فیس بڑھانے سے روکدیا

آڈٹ رپورٹس اور گوشوارے جمع نہ کرانیوالے کالجز سیشن 2024-25اور 2025-26میں مقررہ حد سے زائد فیس نہیں لے سکتے متعدد کالجز نے آڈٹ رپورٹس، مالیاتی دستاویزات یا یو ڈی آئی این فراہم نہیں کیا، بعض اداروں کی دستاویزات کی تصدیق بھی مکمل نہیں

اسلام آباد (ایس ایم زمان) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے آڈٹ اور مالیاتی رپورٹس جمع نہ کرانے والے ملک بھر کے 20 میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو سالانہ ٹیوشن فیس میں اضافہ کرنے سے روک دیا ہے۔ کونسل کے مطابق متعلقہ ادارے مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے تک مقررہ حد سے زیادہ فیس وصول نہیں کر سکیں گے۔ پی ایم ڈی سی کے احکامات کے مطابق ان کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی سیشن 2024-25 کے لیے 18 لاکھ روپے اور سیشن 2025-26 کے لیے 18 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد ٹیوشن فیس وصول نہ کریں۔کونسل کے مطابق پشاور میڈیکل کالج پشاور، پشاور ڈینٹل کالج پشاور اور فاطمہ جناح ڈینٹل کالج کراچی نے اپنی آڈٹ رپورٹس جمع نہیں کرائیں جبکہ راول انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (میڈیکل) اسلام آباد اور راول انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (ڈینٹل) اسلام آباد نے مالیاتی گوشوارے فراہم نہیں کیے۔

سہارا میڈیکل کالج نارووال کے مالی سال 2024 کے ریکارڈ میں بھی کمی پائی گئی۔ مزید برآں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی، مارگلہ کالج آف ڈینٹسٹری اسلام آباد، رائے میڈیکل کالج سرگودھا اور آغا خان یونیورسٹی کراچی نے یونیک ڈاکومنٹ آئیڈنٹی فکیشن نمبر (UDIN) فراہم نہیں کیا۔ شالامار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کراچی، ایویسینا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور، ایویسینا ڈینٹل کالج لاہور اور انڈس میڈیکل کالج ٹنڈو محمد خان کے یو ڈی آئی این کی تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔اسی طرح ویمن میڈیکل کالج ایبٹ آباد، پاک انٹرنیشنل میڈیکل کالج پشاور، آر ایل کے یو میڈیکل کالج لاہور، عزیز فاطمہ میڈیکل کالج فیصل آباد اور بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اسلام آباد کی دستاویزات کی تصدیق بھی مکمل نہیں ہو سکی جبکہ اسلام آباد کے النفیس میڈیکل کالج کو بھی آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے بروقت جمع نہ کرانے پر فیسوں میں اضافے سے روک دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں