بجلی مہنگی ،صارفین پر 12ارب 45کروڑ کا اضافی بوجھ
فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بجلی1روپے 42پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی کے الیکٹرک سمیت بجلی صارفین سے اضافہ اپریل کے بلوں میں وصول کیاجائیگا
اسلام آباد(نامہ نگار)نیپرا نے ملک بھرکیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 42پیسے مہنگی کردی،کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر 12 ارب
45 کروڑ کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ۔نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی فروری 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں مہنگی کی گئی،اضافہ بجلی صارفین سے اپریل کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔حکومتی پالیسی گائیڈ لائنزکے مطابق اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگاجبکہ لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پراطلاق نہیں ہو گا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 63پیسے مہنگی کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق حالیہ اضافے سے بجلی صارفین پر 12 ارب 45 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔