وکلا کے مسائل حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ، وزیر قانون

وکلا کے مسائل حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ، وزیر قانون

ہاسٹل کے قیام کے معاملے پر وفاقی حکومت، صدر سے بھی رابطہ کیا جائے گا سپریم کورٹ بار وفد کی ملاقات، وکلا ہاسٹل اور ہسپتال منصوبوں پر تبادلہ خیال

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں پاکستان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد نے وزیر قانون و داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سینئر وائس چیئرمین خالد مسعود سندھو نے کی جبکہ سیکرٹری ملک زاہد اسلم اور چاروں صوبوں کے وکلا نمائندے بھی شریک تھے ۔ ملاقات میں وکلا برادری کی فلاح و بہبود، درپیش مسائل اور قانونی سہولتوں کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سپریم کورٹ بار کے وفد نے وکلا کے لیے کراچی میں اسلام آباد طرز کے جدید ہاسٹل کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مالی معاونت کی درخواست کی۔ ضیا الحسن لنجار نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وکلا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ، جبکہ ہاسٹل کے قیام کے معاملے پر وفاقی حکومت اور صدر مملکت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا وہ خود وکیل ہیں اور وکلا کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے ، جبکہ سندھ حکومت تمام بار ایسوسی ایشنز کو بھرپور سپورٹ فراہم کر رہی ہے ۔ اس موقع پر سندھ بار کونسل نے وکلا اور ان کے اہل خانہ کے لیے اسپتال کے قیام کی درخواست بھی پیش کی اور اپنے زیر ملکیت پلاٹ پر منصوبے کے لیے حکومتی معاونت مانگی۔ سیکرٹری قانون نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون تیار کیے جا رہے ہیں، جس پر وزیر قانون نے عمل تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو، سیکرٹری قانون علی احمد بلوچ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل قاضی بشیر، سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین اشتیاق میمن، ایگزیکٹو کمیٹی چیئرمین ایاز تنیو، سابق صدر ہائیکورٹ بار سرفراز میتلو اور دیگر بھی شریک تھے ۔ ملاقات کے اختتام پر وزیر قانون و داخلہ نے وفد کے اراکین کو سندھ کی ثقافتی روایات کے مطابق اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں