موبائل ٹاور کمپنیوں کیلئے نئے قواعد متعارف کرانے کا فیصلہ

موبائل ٹاور کمپنیوں کیلئے نئے قواعد متعارف کرانے کا فیصلہ

15لائسنس یافتہ کمپنیوں میں سے صرف9فعال، 6ٹیلی کام ترقی میں رکاوٹ نئے قواعد کے تحت سالانہ ٹاورز تنصیب لازمی، پانچ سالہ ٹائم لائن تجویز کی گئی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے موبائل ٹاور لگانے والی کمپنیوں کے لیے نئے قواعد و ضوابط متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن کا مقصد ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سگنلز کے نظام کو بہتر بنانا ہے ۔پی ٹی اے کے مطابق اس وقت ٹاور نصب کرنے کا لائسنس رکھنے والی 15 کمپنیاں موجود ہیں، تاہم ان میں سے صرف 9 نے عملی کام شروع کیا ہے جبکہ محض 6 کمپنیوں نے 10 یا اس سے زائد ٹاورز نصب کیے ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لائسنس حاصل کرنے کے باوجود کام شروع نہ کرنا نہ صرف پالیسی کے مقصد کو متاثر کرتا ہے بلکہ ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی میں بھی رکاوٹ بنتا ہے۔

مجوزہ قواعد کے تحت ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے سالانہ بنیادوں پر مخصوص تعداد میں ٹاورز یا متعلقہ سہولیات کی تنصیب لازمی قرار دی جائے گی، جس کے لیے پانچ سالہ ٹائم لائن تجویز کی گئی ہے ۔ اس منصوبے میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز اور ڈسٹری بیوٹڈ انٹینا سسٹم کی تنصیب کے اہداف شامل ہوں گے تاکہ دور دراز علاقوں تک نیٹ ورک کی رسائی بہتر بنائی جا سکے ۔پی ٹی اے نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کی ہیں تاکہ قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دی جا سکے اور ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں