منصفانہ اجرت،محفوظ ماحول محنت کشوں کا آئینی حق :چیف جسٹس

منصفانہ اجرت،محفوظ ماحول محنت کشوں کا آئینی حق :چیف جسٹس

ہر مزدور کو ریلیف دینے کیلئے آئین میں دی ضمانتوں کو عملی شکل دینا ناگزیر ہے منصفانہ ،انسانی لیبر نظام آئین کی بالادستی کو مضبوط بناتا ہے ،جسٹس یحییٰ آفریدی

 اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے یومِ مزدور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ منصفانہ اجرت، محفوظ اور انسانی کام کے حالات اور سماجی انصاف محنت کشوں کے آئینی حقوق ہیں جنہیں ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے ،اپنے خصوصی پیغام میں چیف جسٹس نے کہا یومِ مزدور ہمیں نہ صرف محنت کشوں کی خدمات کو سراہنے کا موقع دیتا ہے بلکہ یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ انہیں فراہم کیے جانے والے انصاف اور قانونی تحفظ کا معیار کیا ہے ، انہوں نے کہا کسی بھی قوم کی حقیقی طاقت اس کے محنت کش طبقے کو دیے جانے والے وقار سے ظاہر ہوتی ہے ۔چیف جسٹس نے کہا پاکستان میں لاکھوں افراد اپنی محنت اور مہارت سے معیشت  کو سہارا دے رہے ہیں، اس لیے ان کے حقوق کا تحفظ ریاست اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ آئین میں دی گئی ضمانتوں کو عملی شکل دینا ناگزیر ہے تاکہ ہر مزدور کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔ چیف جسٹس نے کہا ایک منصفانہ اور انسانی لیبر نظام ہی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بناتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں