پارلیمنٹ لاجز میں ناقص سکیورٹی ، چوہوں کی بہتات ، کئی بارلفٹ میں پھنس چکا: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

 پارلیمنٹ لاجز میں ناقص سکیورٹی ، چوہوں کی بہتات ، کئی بارلفٹ میں پھنس چکا: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

غیر متعلقہ افراد کا داخلہ قواعد کی خلاف ورزی ، سکیورٹی رسک ،شکایات پر پیشرفت نہ ہونا غفلت کا ثبوت:سیدال ناصر نئے تعمیر 104 بلاکس کے منصوبے کی مکمل تفصیلات فراہم کرنیکی ہدایت،سی ڈی حکام،سکیورٹی افسر وں سے بریفنگ لی

اسلام آباد،(اپنے رپورٹر سے )ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پارلیمنٹ لاجز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے ، سکیورٹی خامیوں اور بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سی ڈی اے حکام اور سکیورٹی افسروں کو فوری طور پر پارلیمنٹ ہاؤس طلب کر لیا اور ان سے تفصیلی بریفنگ لی ،انہوں نے سی ڈی اے حکام اور ایس پی سکیورٹی کو  ہدایت کی کہ تین دن کے اندر جامع رپورٹ پیش کی جائے ،اجلاس کے دوران سینیٹر سید وقار مہدی، سینیٹر سید مسرور احسن اور سینیٹر ندیم احمد بھٹو بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر متعلقہ افراد کا داخلہ نہ صرف قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایک سنگین سکیورٹی رسک بھی ہے ،انہوں نے لاجز میں جاری تزئین و آرائش، مرمت کے کاموں اور لفٹس کی خراب حالت پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اراکینِ سینیٹ کی جانب سے بارہا شکایات کے باوجود پیشرفت نہ ہونا انتظامی غفلت کا واضح ثبوت ہے۔

اس موقع پر متعلقہ حکام سے تمام درخواستوں کی تفصیلات طلب کی گئیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ کتنی درخواستیں موصول ہوئیں اور کتنی پر عملدرآمد کیا گیا،ڈپٹی چیئرمین نے پارلیمنٹ لاجز میں الاٹمنٹ کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ریکارڈ شفاف انداز میں پیش کیا جائے ۔ بطور چیئرمین ہاؤس کمیٹی، انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے 104 بلاکس کے منصوبے کی مکمل تفصیلات بھی مانگ لیں، جن میں منصوبے کی شروعات، تکمیل کی مدت، لاگت، ٹینڈرنگ کے مراحل اور کسی بھی نظرثانی شدہ اخراجات کی تفصیل شامل ہے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اراکین سینیٹ کے لیے منظور شدہ یہ منصوبہ طویل عرصے سے تاخیر کا شکار ہے ۔اجلاس میں اراکین سینیٹ نے بھی شکایات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعدد بار لاجز انتظامیہ کو مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں مگر کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔

اس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مرمتی کام فوری مکمل کیے جائیں اور اراکین پارلیمنٹ کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے لاجز میں صفائی کی ناقص صورتحال، خصوصاً چوہوں کی بہتات، پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ صورتحال رہائشیوں کے لیے نہایت پریشان کن ہے ۔ انہوں نے حالیہ سوشل میڈیا ویڈیو کے حوالے سے بھی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک غیر متعلقہ خاتون کو لاجز میں ویڈیو بنانے کی اجازت کس نے دی۔انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں اراکین پارلیمنٹ اور ان کے اہل خانہ قیام پذیر ہوتے ہیں، لہٰذا سکیورٹی اور بنیادی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کئی بار لفٹ میں پھنس چکے ہیں، جو کہ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں