ڈیفنس سی :مالکان کا گھریلو ملازمہ بچیوں پر تشدد
والدین اور مالکان کیخلاف مقدمہ درج، متاثرہ بچیاں چائلڈ بیورو کے حوالے
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور کے علاقہ ڈیفنس سی میں مالکان کا کمسن گھریلو ملازمہ بچیوں پر مبینہ تشدد ، پولیس نے والدین اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے بچیوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا۔ مالکان کے کمسن گھریلو ملازمہ بچیوں پر تشدد کی اطلاع پولیس نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں بچیوں کے والدین اور مالکان کے خلاف نامزد مقدمہ درج کر کے متاثرہ بچیوں گلشن اور ثمرین کو تحویل میں لیکر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا ۔ابتدائی تفتیش کے دوران بچیوں نے بیان دیا کہ انہیں ملازمت کے دوران مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا،جس سے تنگ آ کر مالکان کے گھر سے فرار ہوئیں، حکام کا کہنا ہے کہ بچیوں کے بیانات ریکارڈ کر لئے ،ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب متاثرہ بچیوں کا طبی معائنہ بھی کروایا جا رہا ہے تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔