سیمنٹ کی مجموعی ترسیل میں11.14 فیصد اضافہ ریکارڈ
برآمدات 3.47فیصد اضافے سے 7.611ملین ٹن تک پہنچ گئیں بجٹ میں حکومت سے صنعت دوست پالیسیوں کی توقع ہے ، مینوفیکچررز
کراچی(بزنس رپورٹر)ملک بھر میں اپریل 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیل میں11.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،اس عرصے کے دوران سیمنٹ کی کل ترسیل 3.890 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں یہ حجم 3.500 ملین ٹن تھا۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اپریل 2026 کے دوران مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی ترسیل 3.217 ملین ٹن رہی جو اپریل 2025کے 2.677 ملین ٹن کے مقابلے میں 20.17 فیصد زیادہ ہے ،اسکے برعکس برآمدی ترسیل میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور یہ 18.22 فیصد کم ہو کر823,032 ٹن سے گھٹ کر 673,058 ٹن رہ گئی ۔دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیل یعنی مقامی اور برآمدی 42.396 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 38.600 ملین ٹن کے مقابلے میں 9.83 فیصد زیادہ ہے ،اس عرصے میں مقامی ترسیل 34.785 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے 31.244 ملین ٹن کے مقابلے میں 11.33فیصد زیادہ ہے ۔ برآمدات میں بھی 3.47فیصد اضافہ ہوا اور یہ 7.355 ملین ٹن سے بڑھ کر 7.611 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ آئندہ ہفتوں میں بہتر جغرافیائی و سیاسی صورتحال کی توقع ہے جس سے عالمی معیشت مضبوط ہوگی اور توانائی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں حکومت سے صنعت دوست پالیسیوں کی توقع ہے تاکہ آپریشنز میں مسابقت کو فروغ دیا جاسکے۔