چاندی100،سونا3800روپے سستا،ڈالر کی قدر کم

چاندی100،سونا3800روپے سستا،ڈالر کی قدر کم

تولہ سونا 4لاکھ 79ہزار 962،دس گرام4لاکھ 11ہزار 490پر آگیا

کراچی (بزنس رپورٹر) عالمی و مقامی مارکیٹوں میں پیر کو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ادھرانٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید گھٹ گئی۔تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 38 ڈالر کی کمی سے 4 ہزار 576 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 3800 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 79 ہزار 962 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3257 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 11 ہزار 490 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ ہفتے کو سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے کی کمی سے 483,762 روپے ہوگئی تھی۔دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 100 روپے کی کمی سے 7914 روپے ہوگئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 278.76 روپے پر بند ہوا۔یاد رہے کہ جمعرات کو ڈالر 278.77 روپے پر بند ہوا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں