پنجاب کی ترقی کا پہیہ رکنے والا نہیں ، جو کہا کر کے دکھایا : مریم نواز
27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کیلئے جولائی کا ہدف، 40 فیصد کم نرخ پر اشیا دستیاب ہوں گی ترقیاتی کاموں کیلئے توڑی سڑکیں فوری بحال کی جائیں، نیلاگنبدپارکنگ اور ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کا پہیہ اب رکنے والا نہیں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے وعدے پورے کر رہی ہے ، جو کہا وہ کرکے دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کیلئے جولائی کا ہدف مقرر کر دیا جبکہ مختلف اضلاع میں 13 سہولت آن دی گو بازار بھی قائم کیے جائیں گے ۔ ان بازاروں میں اوپن مارکیٹ سے 40 فیصد اور ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد کم نرخ پر سبزیاں اور پھل دستیاب ہوں گے ، جبکہ 600 سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے اور سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں میں دکانداروں کو مفت بجلی، صفائی اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی جس سے انہیں مالی بچت ہوگی، جبکہ 5 کلومیٹر کے اندر 40 منٹ میں فری ہوم ڈلیوری سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
بھکر، میانوالی،پاکپتن، راجن پور، مظفر گڑھ، منڈی بہاؤالدین،راولپنڈی، اٹک او رجہلم کی تحصیلوں میں نئے سہولت بازِاربنیں گے ۔ خانیوال،فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ بھی پراجیکٹ میں شامل ہیں۔ لاہور،جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں سہولت آن دی گو بازار قائم ہوں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے 52 شہروں کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 51 شہروں میں تقریباً 40 فیصد اہم ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا مرحلہ مکمل اور دوسرے مرحلے کا 76 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کیلئے توڑی گئی سڑکیں فوری مکمل کرکے بحال کی جائیں ، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مون سون سیزن سے قبل مکمل تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 100 فیصد تیاری یقینی بنائی جائے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلی بار لاہور کی 16 ہزار سے زائد گلیوں کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کی جا رہی ہے جبکہ نکاسی آب کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نواز نے نیلاگنبدمیں زیرزمین پارکنگ اور ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا،مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فائر فائٹرز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ فائر فائٹرز اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر عوام کی حفاظت کرتے ہیں، ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے عملے کو جدید آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ مو ثر انداز میں خدمات انجام دے سکیں۔