بھارت :پٹرول کا شدید بحران پمپوں پر’نو سٹاک ‘کے بورڈ آویزاں
حیدرآباد (دنیا مانیٹرنگ)بھارت میں ایندھن کی شدید قلت نے لوگوں کو سخت پریشان کن صورتحال سے دوچار کردیا۔۔
گیس کے بعد پٹرول و ڈیزل کی عدم دستیابی سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہری زندگی اور زرعی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔متعدد پٹرول پمپوں پر ایندھن ختم ہونے کے بعد ‘نو سٹاک’ کے بورڈ لگا دیئے گئے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر پمپ مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں۔جہاں کہیں محدود مقدار میں ایندھن دستیاب ہے ، وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کو گھنٹوں انتظار کے باوجود مکمل ایندھن نہیں مل پا رہا،ایندھن کی قلت کے باعث ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو رہا ہے اور کسانوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں، جس سے زرعی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہو گئی ہیں۔ کئی علاقوں میں ڈیزل کی عدم دستیابی نے کھیتی باڑی کے عمل کو تقریباً مفلوج کر دیا ہے ۔