دہشتگردی کیخلاف تعاون جاری رکھیں گے :چینی قونصل جنرل
پاکستان ، چین تعلقات سمندر سے گہرے ، شہد سے میٹھے ہیں:مسڑ سن یان
لاہور(خبر نگار)چینی قونصل جنرل مسٹر سن یان نے کہا کہ چین پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گا ، مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کیلئے دونوں ممالک مل کر کردارادا کرتے رہیں گے ۔وہ پنجاب یونیورسٹی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام پاکستان ، چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم،سابق سفیر منصور احمد خان،رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈائریکٹر کنفیوشس انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر ثوبیہ خرم، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز ڈاکٹر کاشف راٹھور،ڈین آف سوشل سائنسزیونیورسٹی آف لاہورپروفیسرڈاکٹر رابعہ اختر، دیگر اساتذہ اور طلبا وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چینی قونصل جنرل مسٹر سن یان نے مزید کہا کہ پاکستان پہلا مسلم ملک تھا جس نے 21 مئی 1951ء کو چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے ،دونوں ممالک کے تعلقات سمندر سے گہرے ، شہد سے میٹھے اوردنیا کیلئے ایک مثال ہیں،سی پیک نے ٹرانسپورٹ، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کیں۔