قومی اسمبلی : پی ٹی آئی کا احتجاج ، نعرے، سپیکر ڈائس کے سامنے اپنی اسمبلی لگالی
بانی کی صحت کے مسئلے پر ایوان میں نہیں بیٹھیں گے :محمود اچکزئی ، کورم معاملے پر تحریک انصاف کو سبکی کاسامنا خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی بے دخلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں:اسمبلی وقفہ سوالات ،دو ترمیمی بلز بھی منظور
اسلام آباد(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پی ٹی آئی ارکان کا شور شرابہ ، احتجاج ، سپیکر ڈائس کے سامنے اپنی اسمبلی لگا لی، نعرے بازی اور تقریریں کرتے رہے ۔ ایوان نے مالیاتی ادارے (مالیات کی وصولی) ترمیمی بل اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ترمیمی بل 2026 کی بھی منظوری دیدی۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا ۔وقفہ سوالات کے د وران اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے مسئلے پر ہم ایوان میں نہیں بیٹھیں گے اس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان نے احتجاج شروع کردیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ،سپیکر ڈائس کے سامنے اپنی اسمبلی لگا لی اور بغیر مائیک کے باری باری تقرریں اور شور شرابہ کرتے رہے ۔بعدازاں پی ٹی آئی کے رکن شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کردی گنتی کروانے پر حکومت کورم پورا رکھنے میں کامیاب رہی ۔پی ٹی آئی کو سبکی اٹھانا پڑی ۔ علاوہ ازیں وقفہ سوالات کے دوران وزارت اطلاعات سے متعلق سوالات کے جواب موصول نہ ہونے پر وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تین سالہ ڈیٹا اکٹھا کرنے میں وقت لگا ہے اور تمام جوابات دفتر میں جمع کرا دئیے گئے ہیں، وہ ایک ایک کرکے جوابات فراہم کر رہے ہیں۔
سید نوید قمر نے کہاکہ یہ اچھی بات ہے مگر اس کی متبادل ایپ ابھی تک نہیں آئی یہ کس زمانے کے کمپیوٹر چل رہے ہیں جس پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر فضل ارکان کو یقین دلایا کہ کسی بھی تکنیکی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے گا جبکہ آئندہ سیشنز میں سسٹم کو مکمل طور پر مستحکم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے بتایاکہ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ تین برس میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، نا مناسب حالات کے حوالے سے 9 ہزار 2سو 33 شکایات موصول ہوئیں۔گزشتہ تین برس میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 5 ہزار 3 سو 21 شکایات کا اندراج کروایا،متحدہ عرب امارات میں 404، قطر میں 539، عمان میں 850 ،کویت میں 132، بحرین میں 1310 جبکہ عراق میں 677 پاکستانیوں نے شکایات کا اندراج کروایا۔ سی ڈی اے نے گزشتہ دو سال کے دوران لینڈ مافیا سے 1141 ایکڑ اراضی واگزار کرائی۔ سیدپور گاؤں میں 46 ایکڑ اراضی پر غیرقانونی تعمیرات ختم کروائی گئیں۔ آئی جے پی روڈ پر کچا سٹاپ کے مقام پر کباڑیوں سے 5 ایکڑ اراضی،سیکٹر ایف-10 کے گرین ایریا میں بیچنگ پلانٹ سے 5 ایکڑ اراضی،کورنگ دریا کے کنارے سے متصل راول ٹاؤن میں 7 ایکڑ اراضی،مارگلہ ٹاؤن میں 11 ایکڑ اراضی ،بری امام میں 612 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔
وفاقی وزیر طارق فضل نے کہا کہ پاکستانیوں کی خلیجی ممالک سے بے دخلی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں درست نہیں اور فارن آفس کے پاس ایسا کوئی ڈیٹا موجود نہیں۔ وزیر مملکت طلال چودھری نے بتایا کہ دو لاکھ 96 ہزار گاڑیوں پر ایم ٹیگ نصب کیے جا چکے ہیں اور ہر ایم ٹیگ پر اڑھائی سو روپے فیس وصول کی گئی ۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں لوکل ٹرین چلانے کا منصوبہ زیر غور ہے ،اسلام آباد کے شہریوں کیلئے نئے اور سستے روٹس متعارف کروائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے بیرون ممالک میں غیر قانونی طور پر جانے والوں کی تعداد میں 47 فیصد کمی آئی ، پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرنیلسن عظیم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ٹیسٹوں کی سہولت موجودہے ، لوگ اپنی مرضی سے نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں میں جا رہے ہیں، ریگولیٹری اتھارٹی نے سارے ٹیسٹوں کیلئے ایک ہی قیمت لاگو کرنے کا پروگرام بنایا ہے تاہم معاملہ عدالت میں ہونے کی وجہ سے فی الوقت کو ئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔