اپنی چھت اپنا گھر پروگرام عالمی توجہ کا مرکز بن گیا :عظمیٰ بخاری
مریم نواز نے باکو میں اس تاریخی ہاؤسنگ منصوبہ کو عالمی سطح پر پیش کر دیا پنجاب میں ترقی نظر آ رہی ، صرف دعوؤں تک محدود نہیں :وزیر اطلاعات
لاہور (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام باکو میں غیر ملکی مہمانوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ، جہاں قائم پویلین خصوصی دلچسپی حاصل کر رہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز اس تاریخی منصوبے کو باکو میں عالمی سطح پر شوکیس کیا، جو دنیا بھر کے لیے منفرد ماڈل بن کر سامنے آ رہا ہے ،یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا اور منفرد ہاؤسنگ منصوبہ ہے ، وزیراعلیٰ نے پانچ سال میں پانچ لاکھ خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ، جس کے تحت اب تک ایک لاکھ گھر مکمل ہو چکے ،60ہزار گھروں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام صرف فائلوں تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر نظر آ رہے ہیں، اسی لیے دنیا بھی اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے کہ پنجاب میں حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے ،جو عناصر مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے وہ بلاجواز تنقید کر رہے ہیں مگر عوام کو اصل فرق واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔