سکھوں کیساتھ محبت کا رشتہ نبھاتے رہیں گے : حمزہ شہباز

سکھوں کیساتھ محبت کا رشتہ نبھاتے رہیں گے : حمزہ شہباز

مقدس مقام کی زیارت کیلئے کرتارپور راہداری کھو لی جائے :رمیش سنگھ مہمان نوازی پر شکریہ:کلدیپ ، جنم دن بابا گورو نانک کی تقریبات ختم

لاہور (خبر نگار )بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سکھ قوم کے ساتھ محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے ، جسے ہمیشہ نبھاتے رہیں گے ۔ سکھ قوم کے مذہبی مقامات ہمارے سانجھے ورثے کا حصہ ہیں۔ بابا گورو نانک دیو جی نے محبت، امن اور مساوات کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور گورو دواروں کی بحالی، تحفظ اور تزئین و آرائش کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور مقدس مذہبی مقامات کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے ۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے کہا کہ سکھ مذہب امن، محبت اور باہمی رواداری کا مذہب ہے ۔

دنیا بھر سے جتنے بھی سکھ یاتری پاکستان آنا چاہیں، حکومت پاکستان ان کا خیرمقدم کرے گی اور کسی سکھ یاتری کا ویزہ مسترد نہیں کیا جائے گا۔ بھارتی جتھے کے لیڈر اکال تخت گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی گورو دواروں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے ،انہوں نے یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی اور انتظامات پر حکومت پاکستان اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کا شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ قوم کا مطالبہ ہے کہ بھارت کرتارپور راہداری کو فوری طور پر کھولے تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مذہبی مقام کی زیارت کر سکیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...