پاک ، بنگلہ دیش تجارتی و پارلیمانی روابط بڑھانے پر اتفاق
بنگلہ دیشی وفد کا لاہور چیمبر ، پنجاب اسمبلی کا دور ہ،سپیکر ، وزیر صحت سے ملاقاتیں
لاہور(کامرس رپورٹر،سیاسی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے ، تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے اور پارلیمانی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔اس حوالے سے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد کی قیادت میں بنگلہ دیش کے پاکستان تعینات ہائی کمشنر محمد اقبال حسین ، رکن پارلیمنٹ و وزارت خارجہ کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن جاہرات ادیب چودھری، اراکین پارلیمنٹ ہمایوں قادر چودھری ، محمد نجیب الرحمن، نیلوفر چودھری ،بنگلہ دیش۔ پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین ناصر الرحمن ، وزارتِ خارجہ ڈھاکہ کے ڈائریکٹر زکریا بن امجد پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اور پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا ، اس موقع پربنگلہ دیشی وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقاتیں بھی کیں۔
لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع حافظ الدین احمدنے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہے ،دونوں ممالک کو مستقبل پر توجہ دینی چاہیے ، لاہور، ڈھاکہ، چٹاگانگ اور سلہٹ کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان مضبوط روابط قائم کئے جائیں،29 نومبر 2026 کو ڈھاکہ میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف بنگلہ دیش کے درمیان ملاقات طے ہے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے ۔جاہرات ادیب چودھری نے کہا کہ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں قریبی تعاون بڑھانے کا پیغام ملا ہے ۔ ناصر الرحمن نے کہا کہ سیالکوٹ کی کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی صنعت کے لیے بنگلہ دیش ایک بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدرعلی حسام اصغر نے کہا کہ متعدد شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں،نائب صدر چودھری خادم حسین نے کہا کہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے لاہور چیمبر ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے بھی اظہار خیال کیا۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے لاہور چیمبر آف کامرس میں بنگلہ دیش پارلیمانی وفد سے ملاقات کی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں کی بدولت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انتہائی شاندار تعلقات استوار ہیں۔ دریں اثناء بنگلہ دیشی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے پنجاب اسمبلی کا بھی دورہ کیا اور وہاں سپیکر چیمبر میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے ملاقات کی،اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا اقبال ، وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، اراکین اسمبلی احمد اقبال، ملک احمد سعید، رانا ارشد، سارا احمد ،سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب بھی موجود تھے ۔حافظ الدین احمد نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور پارلیمانوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے ، ملاقات کے اختتام پر ملک محمد احمد خاں نے وفد کو تحائف پیش کئے اور اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا دورہ بھی کرایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments