گھروں کو پھولوں سے سجانے کا موسم

اسپیشل فیچر
پاکستان میں موم سرما کے آغاز سے ہی پھولوں کا موسم شروع ہو جاتا ہے اور مئی تک رنگا رنگ پھول اپنی بہار دکھاتے ہیں اور دلوں کو لبھاتے ہیں ، کچھ عرصہ قبل پھول صرف باغوں یا سرکاری دفاتر تک ہی محدود تھے مگر اب اسلام آباد کے بعد اب لاہور سمیت پنجاب کے سبھی بڑے شہروں میں میونسپل ایڈمنسٹریشن نے شہروں کی خوبصورتی اور اور ماحول کو آلودگی کے صاف رکھنے کے لئے سڑکوں کے کناروں اور درمیانی ڈیوائڈرز پر پھول پودے لگانے شروع کر دیئے ہیں جو ایک انتہائی عمدہ روایت ہے ، صبح سویرے اپنے کام کاج پر جانے والوں کی آنکھوں کو یہ پھول اپنی تروتازگی اور خوبصورتی کی وجہ سے خیرہ کرتے ہیں، فیصل آباد میں سڑکوں کے کنارے ہزاروں کی تعداد لگے گیندے کے پھولوں نے جہاں شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے وہاں عام آدمی کا بھی ان پھولوں سے لگاؤ میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اب لوگوں میں اپنے گھروں میں بھی پودے اور پھول اگانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ موسم سرما کے آغاز میں ہی گیندے، گل کلغہ اور گل داؤدی اپنی بہار دکھانا شروع کردیتا ہے۔ یہ پودے چونکہ اب گملوں میں پھول دے رہے ہیں اس لئے آپ ان کے چند گملے خرید کر اپنے گھر کو قدرتی حسن سے مالامال کر سکتے ہیں،اب انہیں اگانے کا موسم نہیں رہا۔اب موسم آگیا ہے کہ آپ گملوں یا کیاریوں میں موسم سرما کے پھول اگائیں جو اگلے ہفتہ ہی انشا ء اللہ آپ کے گھر کو قدرتی حسن سے مالا مال کر دیں گے اور اپنی دلکشی اور رعنائی سے آپ کے گھر کو دوسرے گھروں سے ممتاز بھی کریں گے اور آپ کی خوشیوں اور مسرتوں میں اضافہ بھی کریں گے۔موسم سرما میں یوں تو بہت سے پھول اگائے جاتے ہیں جو مہنگے بھی ہوتے ہیں اور سستے بھی مگر میں یہاں آپ کو چند ایسے پھولوں سے متعارف کروا رہا ہوں جس سے آپ بہت سستے انداز سے اپنا شوق پورا کر سکتے ہیں اور پورے گھر کو پھولوں سے بھر سکتے ہیں ، موسم سرما میں چونکہ دھوپ میں حدت نہیں ہوتی اس لئے تھوڑی سے توجہ سے آپ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور ان کو آپ گملوں میں لگا کر بیرونی دیواروں ، برآمدوں اور اگر کیاریاں موجود ہیں تو لان کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔گل اشرفی(Calandula) بہت ہی خوبصور ت پھول ہے گملوں بڑی آسانی سے اگایا جا سکتا ہے۔ نرسریوں سے آ ج کل اس کی پنیری دستیاب ہے،اگر تو گھر میں جگہ زیادہ ہے تو پنیری کی گملی لے آئیں اور کیاریوں اور گملوں میں لگا لیں ورنہ نرسری سے چند ایک چھوٹے گملوں میں لگے خرید لیں ،سارا سیزن پھول اپنی بہار دکھاتے رہیں گے۔نیسٹریشیم(Nasturtium):اس بھی اسی طرح گملوں میں یا کیاریوں میں لگایا جاتا ہے اور یہ بھی مئی تک پھول دیتا رہتا ہے،اس کے بھی آپ چند گملے خرید سکتے ہیں۔پٹونیا(Patunia): بہت ہی خوبصورت پھول ہے دنیا کا کوئی رنگ ایسا نہیں کو اس میں شامل نہ ہو،رنگ برنگے پھول آپ کو ہمیشہ ہشاش بشاش رکھیں گے۔اس بھی اسی طرح آپ گملوں میں یا کیاریوں میں لگا سکتے ہیں اور یہ بھی سارا سیزن پھول دیتا رہتا ہے،اس کے بھی آپ چند گملے خرید سکتے ہیں۔السی: اکثر گھروں میں اس کا استعمال ہوتا ہے۔آپ کسی پنساری کی دکان سے اس بیج پانچ دس روپے کے خرید لیں اور کیاروں یا گملوں میں بیج دیں ، سخت جان پودا ہے۔آسانی سے اگ جائے گا اور سارا سیزن پھول کھلتے رہیں گے۔٭…٭…٭