مراقبہ اور دماغی صحت
اسپیشل فیچر
خاموشی اور توجہ کے ذہنی اثرات
اکیسویں صدی میں جہاں انسانی دماغ مسلسل معلومات، سکرینوں اور دباؤ کی زد میں ہے وہیں ارتکاز توجہ کا ایک قدیم عمل جدید سائنس کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ حالیہ سائنسی تحقیق سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ مراقبہ صرف ذہنی سکون ہی نہیں دیتا بلکہ یہ دماغی سرگرمی اور نیورل نیٹ ورک کی ساخت کو بھی بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق گہرے مراقبے کے دوران دماغ ایک ایسی حالت میں داخل ہو سکتا ہے جسے ماہرینِ اعصاب ''برین کریٹیکلیٹی‘‘ (Brain Criticality) کہتے ہیں۔ یہ وہ نازک توازن ہے جہاں دماغ نہ مکمل انتشار کا شکار ہوتا ہے اور نہ ہی حد سے زیادہ جامد بلکہ ایک ایسی درمیانی کیفیت میں ہوتا ہے جو سیکھنے، توجہ، یادداشت اور لچکدار سوچ کے لیے مثالی سمجھی جاتی ہے۔
اس تحقیق میں انتہائی تجربہ کار بدھ راہبوں کو چنا گیا جنہوں نے اوسطاً 15 ہزار گھنٹے سے زائد مراقبہ کیا ہوا تھا۔ سائنسدانوں نے دماغی سرگرمی ناپنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی میگنیٹو اینسیفلوگرافی (MEG) استعمال کی جو دماغ میں پیدا ہونے والے برقی مقناطیسی سگنلز کو نہایت باریکی سے ریکارڈ کرتی ہے۔تحقیق کے دوران دو مختلف مراقبہ تکنیکوں کا مطالعہ کیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ مراقبہ دماغ کو زیادہ مستحکم اور مرتکز حالت میں لے جاتا ہے جو یکسوئی اور مسلسل توجہ کے لیے مفید ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مراقبے کے دوران دماغ میں پائی جانے والی گاما لہروں (Gamma Waves) میں کمی دیکھی گئی۔ عام طور پر یہ لہریں بیرونی محرکات اور تیز ذہنی سرگرمی سے جڑی ہوتی ہیں۔ ان میں کمی کا مطلب یہ لیا گیا کہ دماغ بیرونی دنیا سے ہٹ کر اندرونی شعور کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔تحقیق کا ایک اور اہم نکتہ یہ تھا کہ جو راہب زیادہ تجربہ کار تھے ان کے دماغ میں مراقبے اور عام حالت کے درمیان فرق نسبتاً کم تھا۔ اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ طویل عرصے تک مراقبہ کرنے سے دماغ کی بنیادی حالت زیادہ پرسکون اور متوازن ہو جاتی ہے۔ یعنی مراقبہ صرف وقتی عمل نہیں رہتا بلکہ ذہن کی مستقل کیفیت میں ڈھل جاتا ہے۔
کیا مراقبہ سب کے لیے مفید ہے؟
اگرچہ یہ نتائج نہایت حوصلہ افزا ہیں مگر محققین خبردار کرتے ہیں کہ مراقبہ کوئی جادوئی حل نہیں۔ کچھ افراد میں، خاص طور پر شدید یا بغیر رہنمائی کے مراقبہ کرنے پر اضطراب، الجھن یا جذباتی بے چینی جیسے اثرات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ مراقبہ کو اعتدال، آگاہی اور درست رہنمائی کے ساتھ اپنانا چاہیے۔
جدید سائنس اور قدیم حکمت
یہ تحقیق اس بات کی ایک اور کڑی ہے کہ جدید نیورو سائنس آہستہ آہستہ ان اصولوں کی تصدیق کر رہی ہے جنہیں مشرقی فلسفہ صدیوں سے بیان کرتا آیا ہے۔ ماضی میں مراقبہ کو محض روحانی یا مذہبی عمل سمجھا جاتا تھا مگر آج یہ ذہنی صحت، تعلیم، تھراپی اور حتیٰ کہ کارپوریٹ دنیا میں بھی جگہ بنا رہا ہے۔مراقبہ محض آنکھیں بند کر کے بیٹھنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جو دماغ کی فعالیت، ساخت اور توازن کو نئی شکل دے سکتا ہے۔ تاہم یہ سفر صبر، تسلسل اور سمجھ بوجھ کا متقاضی ہے۔ خاموشی میں بیٹھ کر ذہن کو سننا شاید آج کے شور یدہ دور میں سب سے بڑی سائنسی اور انسانی ضرورت بنتا جا رہا ہے۔