کم کارب یا کم چکنائی؟
اسپیشل فیچر
دل کی صحت کا اصل راز کچھ اور نکلا
دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے برسوں سے ایک بحث جاری ہے کہ کیا کم کارب غذا بہتر ہے یا کم چکنائی والی خوراک؟ کبھی ماہرین کاربوہائیڈریٹس کو قصوروار ٹھہراتے ہیں تو کبھی چکنائی کو مگر حالیہ سائنسی تحقیق نے اس بحث کا رخ بدل دیا ہے۔ یہ تحقیق ہاورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی زیر نگرانی کی گئی جس میں تقریباً دو لاکھ مرد و خواتین کو لگ بھگ تیس برس تک فالو کیا گیا۔ تحقیق کا دائرہ کار وسیع تھا اور52 لاکھ ''person-years‘‘ سے زائد ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج حیران کن تھے مگر سادہ بھی۔ اگر کم کارب یا کم چکنائی والی غذا صحت بخش اجزا پر مشتمل ہو تو وہ دل کے لیے فائدہ مند ہے لیکن اگر وہی غذا پراسیسڈ اور غیر معیاری اشیا پر مبنی ہو تو اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا۔گویا اصل سوال یہ نہیں کہ آپ کتنے کارب لیتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ وہ کارب کہاں سے آرہے ہیں۔ اسی طرح چکنائی کی مقدار سے زیادہ اہم اس کی نوعیت ہے۔تحقیق کے مطابق جن افراد نے سبزیاں، پھل، دالیں، ثابت اناج، گری دار میوے اور صحت بخش چکنائی استعمال کیں ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں حد تک کم دیکھا گیا۔ ان افراد میں:اچھے کولیسٹرول (HDL) کی سطح بہتر رہی،جسم میں سوزش کے اشاریے کم رہے،کورونری ہارٹ ڈیزیز کا خطرہ کم ہوا۔اس کے برعکس وہ افراد جو بظاہر کم کارب یا کم چکنائی والی غذا لے رہے تھے مگر ان کی خوراک میں ریفائنڈ آٹا، میٹھے مشروبات، فاسٹ فوڈ اور ٹرانس فیٹس شامل تھیں انہیں دل کی صحت کے حوالے سے کوئی واضح فائدہ حاصل نہ ہوا۔یہ نتائج اس روایتی سوچ کو چیلنج کرتے ہیں کہ صرف کارب یا چکنائی کم کر دینا ہی کافی ہے۔
کم کارب بمقابلہ کم چکنائی
گزشتہ دہائیوں میں کم کارب ڈائیٹ اور کم چکنائی والی غذا کے حامیوں کے درمیان خاصی گرما گرمی رہی ہے۔ ایک گروہ کہتا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس موٹاپے اور ذیابیطس کی جڑ ہیں جبکہ دوسرا گروہ چکنائی کو دل کا دشمن قرار دیتا ہے۔مگر اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ اگر کم کارب غذا میں سبزیاں، دالیں اور صحت بخش پروٹین شامل ہوں تو وہ مفید ہے اور اگر کم چکنائی والی غذا میں مکمل اناج اور قدرتی اجزا ہوں تو وہ بھی دل کے لیے بہتر ثابت ہوتی ہے۔ یعنی اصل مقابلہ کم کارب بمقابلہ کم چکنائی کا نہیں بلکہ معیاری خوراک بمقابلہ غیر معیاری خوراک کا ہے۔
دل کی صحت کیلئے کوئی جادوئی فارمولا موجود نہیں۔ نہ مکمل کارب ترک کرنا ضروری ہے نہ ہر قسم کی چکنائی سے خوف زدہ ہونا۔ اصل حکمت یہ ہے کہ خوراک قدرتی، متوازن اور کم سے کم پراسیسڈ ہو۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ صحت مند دل کا راستہ کچن سے ہو کر گزرتا ہے‘مگر اس شرط کے ساتھ کہ وہاں تازہ، سادہ اور معیاری اجزا استعمال ہوں۔