"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں اُن کی‘ متن ہمارے

نئی افغان قیادت کے ساتھ مل کر خطے میں
امن کے لیے کام کریں گے...نواز شریف
وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''نئی افغان قیادت کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے لیے کام کریں گے‘‘بشرطیکہ طالبان نے اس سے پہلے ہمارا ناطقہ ہی بند نہ کر دیا کیونکہ ابھی تک تو صرف ہم ہی ان کے مطالبات تسلیم کر رہے ہیں حالانکہ ایک دوسرے ملک کے برابر انہیں حیثیت دے کر اور مذاکرات شروع کر کے ہم نے دریا دلی کا ہی ثبوت دیا تھا لیکن اب اسی دریا میں ڈبکیاں لگانے پر مجبور ہو گئے ہیں‘تاہم امید ہے کہ وہ یک طرفہ طور پر اپنے سارے جنگجو قیدی چھڑوا کر فراخدلی کا مظاہرہ کریں گے اور ان جنگجوئوں سمیت خود کو کسی اور مفید کام میں مصروف رہنے کی کوشش کریں گے‘ہیں جی؟ انہوں نے کہا کہ ''انتخابی عمل کی کامیابی سے جمہوریت مستحکم ہو گی‘‘جیسا کہ ہمارے ملک میں ہوا ہے کیونکہ جمہوریت یہاں ہمارے سمیت چند خاندانوں کی خدمت گزاری کا ہی نام ہے جو باری باری اس کارخیر میں شامل ہو کر ثواب دارین حاصل کرتے ہیں اور عوام کو صرف اور صرف اللہ کے سپرد کیے رکھتے ہیں کیونکہ سب سے زیادہ کار ساز وہی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے افغان صدر کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دے رہے تھے۔
مذاکرات کی کامیابی 
کے لیے دعا گو ہوں...گیلانی
نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا
گیلانی نے کہا ہے کہ ''میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں‘‘کیونکہ اپنے پانچ سالہ اقتدار کے دوران کی جانے والی عبادتوں اور چلہ کشیوں کی وجہ سے میں پہلے ہی اتنا برگزیدہ ہو چکا ہوں کہ میری ہر دعا قبول ہو جاتی ہے‘ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ مذاکرات کی مکمل کامیابی کے لیے میری خصوصی دعا بھی حاصل کرنے کا اہتمام کرے کیونکہ یہ دنیا آخر چند نیک افراد کے سہارے پر ہی تو کھڑی ہے جنہیں دنیا اور دنیا داری سے کوئی غرض نہیں اور ہر وقت یاد خدا اور خلق خدا کی خدمت میں مگن رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''پیپلز پارٹی ملک میں امن کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے‘‘ اور ‘اس کے علاوہ جو کچھ چاہتی تھی اس نے اللہ کے فضل سے اپنے حالیہ دور حکومت میں فرداً فرداً اور اجتماعی طور پر حاصل کر لیا ہے اور نہایت کامیابی کے ساتھ ٹھکانے بھی لگا دیا ہے جبکہ نیب وغیرہ بے سود ٹامک ٹوئیاں مارنے اور اندھیرے میں تیر چلانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں گفتگو کر رہے تھے۔
مشرف کے معاملے میں ہر عدالتی حکم 
کی پابندی کریں گے...پرویز رشید
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ''مشرف کے معاملے میں ہر عدالتی حکم کی پابندی کریں گے‘‘کیونکہ ہم بری طرح پھنسے ہوئے ہیں اور اب ساری امیدیں عدالت سے ہی لگا رکھی ہیں کہ وہ موصوف کا نام ای سی ایل میں سے نکالنے کا حکم خود ہی صادر کر دے اور اپنے دوستوں کو ہم امتحان میں ڈالیں اور نہ وہ ہمیں کسی آزمائش میں مبتلا کریں اور کوئی انتہائی ناگوار صورتحال پیدا ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ''سپریم کورٹ نے مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا‘‘ورنہ ہم اتنے عاقبت نااندیش اور بیوقوف نہیں تھے کہ ایسی حرکت کرتے کیونکہ ہمارے جنّ سیانے ہیں اور ہمیں ایسے ہاتھ پہلے ہی لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ''یہ معاملہ سیاسی نہیں‘قانونی ہے‘‘کیونکہ طالبان کی یلغار کے بعد سیاست تو ویسے ہی چند دنوں کی مہمان لگتی ہے ،لہٰذا اس بلا سے عدالت ہی گلو خلاصی کروا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''حکومت طالبان سے مذاکرات کے لیے سنجیدگی سے معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے‘‘اگرچہ طالبان ہماری نسبت اپنے معاملات کو ہی سنجیدگی سے آگے بڑھا رہے ہیں اور ہم صرف حیران ہو رہے ہیں کہ آخر یہ ہو کیا رہا ہے۔آپ اگلے روز لاہور میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
فوج اگر آتی ہے تو کسی سے
پوچھ کر نہیں آتی...شجاعت حسین
ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ''فوج اگر آتی ہے تو کسی سے پوچھ کر نہیں آتی‘‘صرف ہمارے ساتھ تھوڑا بہت مشورہ ضرور کرتی ہے کیونکہ ہم ماشاء اللہ شروع ہی سے اس کی گڈ بکس میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ''ڈیڑھ ارب ڈالر سے پاکستان کا سسٹم ٹھیک نہیں ہو سکتا‘‘اس لیے کوئی بوٹوں والا ہی آ کر یہ کارنامہ سرانجام دے سکتا ہے ؎ 
پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی
انہوں نے کہا کہ ''جنرل صاحب اندر رہ کر سلیوٹ کرتے ہیں اور وزیر اعظم سے کہتے ہیں کہ سرچلیں‘‘ چنانچہ اس سے زیادہ مہذب طریقہ اور کیا ہو سکتا ہے جسے مارشل لاء کہہ کر خواہ مخواہ بدنام کر دیا گیا ہے‘آخر اس ملک کا کیا بنے گا؟آپ اگلے روز گجرات میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کے اتحاد کا 
فائدہ عوام ہی کو ہو گا...زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اتحاد کا فائدہ عوام ہی کو ہو گا‘‘اگرچہ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام کا کچھ ضرورت سے زیادہ ہی فائدہ ہو چکا ہے کیونکہ سابقہ وزرائے اعظم اور بشمول خاکسار‘سب کا تعلق عوام سے ہی تھا‘ اور ‘ ان کو بفضل خدا فائدہ بھی اس قدر ہوا کہ اس فائدے کو رکھنے کے لیے جگہ ہی دستیاب نہ ہوتی تھی کیونکہ کئی فائدے چھپر پھاڑ کر بھی پہنچے اور ایک صاحب کے اکائونٹ میں کسی فرشتہ صفت انسان نے کروڑوں روپے پوچھے یا بتائے بغیر ہی ڈال دیے‘غرض خدا وند تعالیٰ کی کیا قدرت بیان کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ''آئندہ مرکز میں ہماری حکومت ہو گی‘‘کیونکہ حسب سابق موجودہ حکومت کی باری ختم ہو جائے گی اور اس کے چیدہ چیدہ عوام کو بھی بے حساب فائدہ پہنچ چکا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ''مشترکہ سیاسی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ‘‘کیونکہ ہم نماز ‘روزہ اورعبادت وغیرہ کے سارے کام مشترکہ طور پر ہی کیا کرتے ہیں جبکہ اس سے سبھی کو فائدہ پہنچتا ہے اور کسی کو پوچھنے والا بھی باقی نہیں رہتا۔ آپ اگلے روز نواب شاہ میں کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
اک عمر ہوئی جس میں خسارے سے لگا ہوں
پکڑا ہے وہی کام، دوبارہ سے لگا ہوں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں