گردشی قرضوں کا حجم 872 ارب روپے سے بڑھ گیا ،ظفر بختاوری

2008میں یہ حجم 161.2 ارب روپے تھا جن میں اب تک 442 فیصداضافہ ہوا سرکلرڈیٹ میں اضافے کارحجان معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ،صدر اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد (اے پی پی)اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے گردشی قرضوں میں اضافے کا رحجان ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے اور ملکی معیشت کو مستحکم کر نے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے وزارت خزانہ اورپانی و بجلی کو فوری طور پر اپنے واجبات ادا کرنے چاہئیں تاکہ توانائی کے بحران کو کم کیا جا سکے۔ گردشی قرضوںمیں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو 872 ارب روپے سے بھی تجاوز کر چکا ہے جبکہ 2008میں یہ 161.2ارب روپے تھا۔ اس طرح 2008سے اب تک اس میں 442فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے پرکشش مراعات پر مبنی پالیسی مرتب کرے تاکہ نجی شعبہ تونائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرکے توانائی کی رسد و طلب کو پورا کر سکے،پی آئی اے، پاکستان ا سٹیل اور اس کے علاوہ کچھ صوبائی اور وفاقی ادارے بھی شامل ہیں جن کی وجہ سے پاور کمپنیاں جنریشن پلانٹ کو ادائیگیاں نہیں کر پا رہی جس کی وجہ قرضوں کا حجم بڑھ رہا ہے۔ صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے ڈیمز تعمیر کرکے توانائی بحران کو حل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کوئلہ کے وسیع ذخائر موجود ہیں جنہیں بجلی پید ا کرنے کے استعمال میں لا کر توانائی بحران کو کم کیا جا سکتا ۔