سٹاک ایکسچینج: مستحکم انداز میں تیزی، سرمایہ 542 ارب بڑھ گیا

کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی بدولت 69.45فیصد حصص کی قیمتیں چڑھ گئیں
کراچی (بزنس رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ کو تین ہفتوں سے جاری مندی کے رجحان سے چھٹکارا مل گیا ، گزشتہ ہفتے سٹاک مارکیٹ میں مستحکم انداز میں تیزی دیکھی گئی، کے ایس ای100انڈیکس 3500پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں بھی 542ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،سرمائے کا مجموعی حجم 54کھرب روپے سے بڑھ کر60کھرب روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی بدولت 69.45فیصد حصص کی قیمتیں چڑھ گئیں ۔ہفتے کے پہلے روز سرمایہ کاروں کے محتاط ہونے کی وجہ سے 86.18پوائنٹس کی معمولی مندی رہی ، سٹاک ماہرین کے مطابق مارچ کے ابتدائی تین ہفتے سٹاک مارکیٹ کیلئے بھاری ثابت ہوئے مگر گزشتہ ہفتے مالیاتی اداروں ،میوچل فنڈز اور بروکریج ہاؤسز نے منافع بخش کمپنیوں کے پرکشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ مستحکم انداز میں تیزی کی جانب گامزن رہی ، کے ایس ای30 انڈیکس1694.51 پوائنٹس بڑھا،کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 20485.23 پوائنٹس سے بڑھ کر22515.59پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا ۔