سہ ماہی،رجسٹرڈ فون بینکنگ صارفین کی تعداد41فیصد بڑھ گئی
انٹرنیٹ استعمال کنندگان 4.3ملین ،پی او ایس میں نمایاں بحالی ریکارڈ ،اسٹیٹ بینک
کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے مالی سال21کی پہلی سہ ماہی(جولائی تا ستمبر) کا سہ ماہی نظام ِادائیگی جائزہ جاری کردیا جس سے ڈیجیٹل مالی ٹرانزیکشنز کی مقبولیت میں بھرپور نمو ظاہر ہوتی ہے ،پہلی سہ ماہی کے دوران ڈیجیٹل ادائیگی کے لین دین میں زبردست اضافہ ہوا ، ادائیگی جائزہ کے مطابق صارفین نے 19ٹریلین روپے مالیت کی 253.7ملین ای بینکاری ٹرانزیکشنز کیں،سب سے خوش آئند اضافہ انٹرنیٹ بینکنگ اور موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز میں دیکھا گیا کیونکہ رجسٹرڈ فون بینکنگ استعمال کنندگان کی تعداد41فیصد اضافہ سے 8.9ملین تک پہنچ گئی اور انٹرنیٹ استعمال کنندگان کی تعداد 4.3 ملین تک پہنچ گئی جو 26فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے ،اس طرح موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز بڑھ کر 36.4ملین ہوگئیں جن کی مالیت 908.7ارب روپے تھی جوحجم کے لحاظ سے 139 فیصد اور مالیت کے لحاظ سے 211 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے ،انٹرنیٹ بینکنگ ٹرانزیکشنز بڑھ کر 18.9 ملین ہوگئیں جن کی مالیت 1.1 ٹریلین روپے تھی۔ای بینکاری ٹرانزیکشنز کا ایک اور شعبہ پوائنٹ آف سیل (پی او ایس)ہے جہاں لوگ مارکیٹوں میں خریداری کے وقت کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے ٹرانزیکشنز کرتے ہیں، 21کی پہلی سہ ماہی میں اس میں نمایاں طور پر بحالی آئی۔ پی او ایس کے ذریعے ٹرانزیکشنز کی تعداد 16.8 ملین رہی جن کی مالیت 92.3ارب روپے تھی ۔