ہائی کمشنر مالدیپ کی رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت

 ہائی کمشنر مالدیپ کی رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں تعینات مالدیپ کے ہائی کمشنر محمد تھوہا نے برادرانہ تعلقات اور۔

 دو طرفہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مالدیپ اور پاکستان کے درمیان براہ راست فضائی روابط کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران کیا اور صدر احسن ظفر بختاوری سے ملاقات کی۔ ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان بھرپور تجارتی اور کاروباری صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کو مہمان نواز ی کی اعلی ٰاقدار کا حامل اور پرکشش ترین ملک قرار دیا۔انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات جیسے شعبوں میں کاروباری تعلقات کو مضبوط کرنے کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ہائی کمشنر نے اپنے ملک کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سازگار ماحول کی اہمیت پر بات کی، جس میں ویزا کی چھوٹ اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع شامل ہیں۔انہوں نے مالے میں 36,000 اپارٹمنٹس بنانے کے منصوبے کا ذکر کیا اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ہائی کمشنر نے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے جنوبی ایشیائی علاقائی ریاستوں کی تنظیم (سارک)کو بحال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے دوطرفہ کاروباری تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا اور سیاحت کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی تجویز دی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے باہمی تعاون،چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی تعاون، ٹونا فش کی درآمدات، موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات اور تعلقات کو بڑھانے کے لیے ماحولیاتی سیاحت کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں