ہفتہ رفتہ :مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں استحکام رہا
کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر استحکام رہا۔
ٹیکسٹائل اسپینرز روئی کی محتاط خریداری کر رہے ہیں جبکہ کپاس کے کاشکار پھٹی روک روک کر فروخت کر رہے ہیں جس کے باعث پھٹی کا بھا ؤمستحکم ہے ۔ دن بدن پھٹی کی کوالٹی میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے معیاری روئی کم ہوتی جا رہی ہے ۔ بڑے ٹیکسٹائل اسپینرز کوالٹی والی روئی پر زیادہ دھیان مرکوز کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں معیار کے اعتبار سے فی من 1000 تا 1500 کا تضاد چل رہا ہے ۔ مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق 15 نومبر کے بعد معیاری روئی میں مزید کمی واقع ہو جائے گی گوکہ رجسٹرڈ روئی کی کل پیداوار 60 تا 65 لاکھ گانٹھوں کے درمیان ہونے کی توقع ہے ۔ غیر رجسٹرڈ روئی اس کے علاوہ ہوگی ، گزشتہ سال کپاس کی کل پیداوار تقریبا ً ایک کروڑ گانٹھوں کی ہوئی تھی ،اس سال کل پیداوار تقریبا ً 80 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہونے کا اندازہ ہے ،اس طرح گزشتہ سال کے نسبت روئی کی پیداوار تقریبا ً 20 لاکھ گانٹھیں کم ہونے کا اندازہ ہے ۔ سندھ میں کوالٹی کے حساب سے روئی کا بھاؤ فی من 16800 تا 18000 ،پھٹی کا فی کلو بھا ؤ7200 تا 8400 روپے رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 200 روپے کے اضافہ کے بعد فی من 17800 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔