نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ
لاہور(این این آئی) نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اہم پیشرفت سے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔
نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 17.6 فیصد اضافے کے ساتھ 4.02 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.73 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے برآمدات میں نمایاں اضافے کے باعث معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے ۔ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں بہتری اضافے کی بنیادی وجہ قرار پائی ہے ۔ رواں مالی سال میں برآمدات میں مثبت رجحان بین الاقوامی منڈیوں میں اعتماد کی بحالی کی علامت ہے ۔ انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 31 فیصد جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انجینئرنگ کے شعبے میں صنعتی مشینری، ٹرانسپورٹ کا سامان، آٹو پارٹس اور ربڑ کے ٹائروں کی برآمدات میں نمایاں بہتری آئی جبکہ زیورات اور پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 100 فیصد سے لے کر 530 فیصد تک غیر معمولی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی۔