بجلی سستی ہونے سے روزگارمیں اضافہ ہوگا،چوہدری شافع

لاہور(اے پی پی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام صنعتی ترقی،روزگار میں اضافے اور ملکی معیشت کی بہتری کی جانب مثبت پیش رفت ہے ۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک میں انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ نئے نرخوں کے مطابق صنعتی صارفین کو اب 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کم قیمت پر بجلی فراہم کی جائے گی، جو کہ معاشی استحکام کی طرف اہم قدم ہے ۔چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں نئے کارخانے لگانے کے لیے کی جانے والی کوششیں اب نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔ حکومت صنعتی شعبے کو سہولیات فراہم کر کے معاشی ترقی کو رفتار دینا چاہتی ہے۔