ٹڈاپ کا کاروباری خواتین کیلئے ٹیکنالوجی اور نیٹ ورکنگ پر سیمینار
کراچی(بزنس رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے ویمن چیمبراور اسٹیٹ بینک کے اشتراک سے پشاور کے سرحد چیمبر میں خواتین کاروباری افراد کیلئے مالیاتی سہولتوں، مارکیٹنگ، ٹیکنالوجی اور نیٹ ورکنگ کے موضوع پر ایک جامع سیمینار کا انعقاد کیا۔
سیمینار میں خطے بھر سے بڑی تعداد میں خواتین کاروباری افراد نے شرکت کی، جو مختلف شعبوں اور صنعتوں کی نمائندگی کر رہی تھیں۔ اجلاس کا آغاز ویمن چیمبر کی صدر رابعہ بصری کی خوش آمدیدی کلمات سے ہوا، جنہوں نے کاروباری خواتین کی معاونت اور انہیں علم، وسائل اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنے پرٹڈاپاور ایس بی پی کی کوششوں کو سراہا۔اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی چیف ہارون خان نے مالیاتی سہولیات سے متعلق ایک مفصل اور معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی جس میں خواتین کاروباری افراد کیلئے دستیاب مختلف مالیاتی اسکیموں اور مصنوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی زیر قیادت کاروبار اسٹیٹ بینک کی جینڈر انکلوسیو فنانشل اسکیموں سے کس طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ٹڈاپ کے نمائندوں نے بین الاقوامی مارکیٹنگ، نیٹ ورکنگ، برانڈنگ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر مدلل پریزنٹیشنز دیں۔