نئے ٹیکسز:ای کامرس ایسوسی ایشن کی لاہور چیمبر سے مدد طلب

لاہور(اے پی پی)پاکستان ای کامرس ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد سے ملاقات میں ای کامرس سیکٹر پر حالیہ ٹیکس اقدامات کے باعث پیدا ہونے والے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کی اپیل کی ہے۔
وفد کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر ملک کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل کاروبار کے تحفظ اور فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات میں سابق صدر لاہور چیمبر محمد علی میاں، عمران حیدر، شہباز صدیق سمیت وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے ، جبکہ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین خرم لودھی، آمنہ رندھاوا اور رانا محمد نثار نے بھی شرکت کی۔ ای کامرس وفد نے بتایا کہ ٹیکس پالیسیوں میں حالیہ تبدیلیاں بغیر مشاورت کی گئی ہیں جن میں قانونی اصطلاحات کا مبہم استعمال آن لائن کاروبار کرنے والوں کے لیے الجھن اور آپریشنل غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے۔وفد نے نشاندہی کی کہ جی ایس ٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی لازمی رجسٹریشن چھوٹے اور گھریلو کاروبار کرنے والوں پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے، جو نئے کاروباری افراد کو ڈیجیٹل معیشت میں قدم رکھنے سے روک سکتی ہے۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے ای کامرس سیکٹر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل انٹرپرینیورز اور ٹیکس اتھارٹیز کے درمیان فوری مذاکرات ہونے چاہئیں، تاکہ ان مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکے۔