اسٹاک ایکسچینج، مندی، انڈیکس 384 پوائنٹس گنوا بیٹھا
فروخت کا دباؤ ،کے ایس ای 100انڈیکس1لاکھ88 ہزار202پوائنٹس پر بند
کراچی (بزنس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں منگل کو مندی کا رجحان رہا ۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ کو 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے کے ایک دن بعد100 انڈیکس 300سے زائد پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس دورانِ ٹریڈنگ 189,521.32 کی بلند ترین سطح پر جاپہنچاتاہم بینکنگ سیکٹر کی قیادت میں شروع ہونے والی یہ تیزی عارضی ثابت ہوئی اور جلد ہی مارکیٹ فروخت کے دباؤ کی لپیٹ میں آگئی جس نے انڈیکس کو 187,538.23 کی نچلی ترین سطح پر دھکیل دیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 384.81 پوائنٹس یا 0.20 فیصد کی کمی سے 188,202.85 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی ۔مجموعی طور پر 486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 160 کے شیئرز میں اضافہ، 278 میں کمی اور 48 کے حصص میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔