اسٹاک ایکسچینج ،تیزی، 88فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
1673پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100انڈیکس 167191پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)کاروباری ہفتے کے آخری روزاسٹاک ایکسچینج میں تیزی رہی۔ دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار اور 1 لاکھ 67ہزار پوائنٹس کی 2 حدیں عبور ہوگئیں ۔ تیزی کے سبب 88.21فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 2کھرب 08 ارب 44 روپے کا اضافہ ہوا،دن بھر اسٹاک سرمایہ کاروں کا آئل اینڈ گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا، سفارتی میدان میں پاکستان کی کامیابی اور آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا عندیہ شیئرز کی ریل پیل کو بڑھا گیا، یہ ہی وجہ ہے دونوں کاروباری سیشنز میں اسٹاک مارکیٹ گرین زون میں رہی۔ کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس 1673پوائنٹس کے اضافے سے 167191 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 420پوائنٹس کے اضافے سے 50589 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 1123 پوائنٹس کے اضافے سے 99572.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 1.46فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 87کروڑ 55لاکھ 38ہزار 133 حصص کے سودے ہوئے ۔