ایکسپورٹ کو مکمل وفاقی دائرہ اختیار قرار دیاجائے ، جاوید بلوانی
برآمدات اور درآمدات کی پالیسیوں کا ملک بھر میں یکساں نفاذ ضروری ہے
کراچی (این این آئی) وفاقی حکومت ایکسپورٹ کو مکمل طور پروفاقی مضمون اور وفاقی دائرہ اختیار قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے قومی ترجیح کا درجہ دے ۔ برآمدات پر مبنی ترقی کیلئے معیشت کو درکار مضبوط اور مربوط قومی حکمت عملی وفاق حکومت کے زیر انتظام ضروری ہے ۔ برآمدات اور درآمدات کی پالیسیوں کا ملک بھر میں یکساں نفاذ ضروری ہے ۔ کاروبار میں آسانی اور عالمی مسابقت کیلئے وفاقی سطح پر واحد ون ونڈو وفاقی اتھارٹی طریقہ کار کی پیچیدگی، مختلف منظوریوں اور بین الصوبائی ریگولیٹری اختلافات کو کم کرے گی۔یہ مطالبہ چیئرمین پاکستان اپیرل فورم،چیف کوآرڈینیٹر، آل پاکستان ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن جاوید بلوانی نے اسٹیٹ منسٹر برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ساتھ ملاقات میں کیا جس کا اہتمام کراچی چیمبر میں کیا گیا جہاں ویلیو ایڈڈ اپیرل و ٹیکسٹائل برآمدی ایسوسی ایشنز کے چیئرمین حضرات اور نمایاں برآمدکنندگان موجود تھے۔