اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مندی سے آغاز،399ارب خسارہ
3791پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 161805 پر بند ، حجم 20.09فیصد کم رہا ایران امریکا کشیدگی،نئے ٹیکسزاورخام تیل کی قیمتوں میں اضافہ مندی کی وجہ قرار
کراچی(بزنس رپورٹر)ایران امریکا کشیدگی ، پاک بھارت جھڑپ کی منفی خبروں ، روس یوکرین جنگ کا دوبارہ شروع ہونا، خام تیل کی قیمتوں مسلسل اضافہ ، آئی ایم ایف کی ایماء پر نئے وفاقی بجٹ میں تقریبا 800 ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کیے جانے کی خبروں سے اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کی لپیٹ میں رہی۔مارکیٹ کاروبار کے آغاز سے اختتام تک مسلسل منفی زون میں ٹریڈ کرتی رہی جس کے باعث 100 انڈیکس کی 1لاکھ 65ہزار، 1لاکھ 64ہزار، 1لاکھ 63ہزار اور 1لاکھ 62ہزار پوائنٹس کی مزید چار حدیں گرگئیں۔ شدید مندی کے سبب 78.64 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 3کھرب 99ارب روپے سے زائدڈوب گئے ۔سرمایہ کاری کے شعبوں کی جانب سے وقفے وقفے سے شارٹ ٹرم خریداری بھی دیکھی گئی لیکن خریداروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کو ترجیح دینے سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی جس سے ایک موقع پر 3983پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر مخصوص حصص میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3791پوائنٹس کی کمی سے 161805 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1124 پوائنٹس کی کمی سے 48340 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 2185.72 پوائنٹس کی کمی سے 97831.99 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 20.09فیصد کم رہا ۔