اپریل میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ32کروڑ40 لاکھ ڈالر ریکارڈ

اپریل میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ32کروڑ40 لاکھ ڈالر ریکارڈ

پہلے 10 ماہ کا مجموعی خسارہ بھی 25 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا،اسٹیٹ بینک

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہوگیا اور اپریل 2026ء کے دوران نمایاں خسارہ ریکارڈ کیا گیا ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے خسارے میں رہا۔ اپریل 2025ء میں اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ صرف 1کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے خسارے میں تھاجس کے مقابلے میں موجودہ سال میں خسارے میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے ،تاہم مالی سال کے دوران ماہانہ بنیادوں پر صورتحال میں نمایاں اتار چڑھاؤ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ 2026ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 1 ارب 13 کروڑ ڈالر کے سرپلس میں رہا تھا جو ایک ماہ بعد ہی خسارے میں تبدیل ہوگیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026ء کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر کرنٹ اکاؤنٹ 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے خسارے میں رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ 1 ارب 66 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے سرپلس میں تھا۔ ماہرین کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ میں یہ تبدیلی درآمدات میں اضافے ، عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مالیاتی بہاؤ میں غیر مستقل مزاجی کی عکاسی کرتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں