آئی ٹی برآمدات میں 2فیصد اضافہ، 42.30کروڑ ڈالر ریکارڈ
10 ماہ میں مجموعی آئی ٹی برآمدات 3 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)اپریل 2026ء کے دوران آئی ٹی برآمدات42 کروڑ 30لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 33 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 2 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران مجموعی آئی ٹی برآمدات 3 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔ اس مضبوط کارکردگی کو ملکی ٹیکنالوجی سیکٹر کی بڑھتی عالمی طلب اور ڈیجیٹل سروسز کی توسیع کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2026ء میں نیٹ آئی ٹی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ کے ساتھ 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو سالانہ بنیاد پر 35 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ آئی ٹی ماہرین کے مطابق موجودہ رجحان برقرار رہنے کی صورت میں مالی سال کے اختتام تک ملکی آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جو ملکی ایکسپورٹ بیس کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔