وزیراعلیٰ کومہنگائی پر نوٹس لیناچاہیے :محبوب الزماں
بازاروں کے نام پر مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی بے بسی کا مذاق اڑایا جا رہاہے
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کے نومنتخب ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ سستے بازاروں کو سہولت بازار کا نام دے کر عوام کو مہنگائی سے نجات نہیں ملے گی،عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اورحقیقی ریلیف کیلئے گیس ، بجلی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے ،سہولت بازاروں کے نام پر مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی بے بسی کا مذاق اڑایا جا رہاہے ۔انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کو دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی پرفوری نوٹس لینا چاہئے ۔اب محض خالی بیانات دینے سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا۔حکومت پنجاب نے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائی تھیں لیکن ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ ا ندوزوں سے ملی بھگت کرکے مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے کامذموم دھنداجاری ہے ۔انہوں نے کہا غریب عوام کو مہنگائی کے حالیہ طوفان نے زندہ درگور کردیاہے ۔حکومت پنجاب صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے ۔آج تک مصنوعی مہنگائی پیداکرنیوالوں کیخلاف سنجیدگی سے ایکشن نہیں لیاگیا۔