پسماندہ اضلاع پر ہماری توجہ فوکس ہے :ملک محمداعظم

پسماندہ اضلاع پر ہماری توجہ فوکس ہے :ملک محمداعظم

پنجاب بیت المال اجتماعی شادیوں کا ایجنڈا تیار کر رہا ہے ،تقریب سے خطاب

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب بیت المال کے چیئرمین ملک محمد اعظم نے کہا ہے کہ فلاحی کاموں کی بدولت غریبوں ، مساکین، بیواؤں اور یتیموں کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق غریبوں کی امداد کرناہمارا نصب العین ہے ، ضلع جھنگ کو ان چار اضلاع میں شامل کریں گے جن میں جلد ہی سلائی مشینوں کی تقسیم کا آغاز کیا جائیگا،غریب اور مسافر لوگوں کیلئے فری لنگر خانے ہر اضلاع میں قائم کئے جائینگے ، پنجاب بیت المال اجتماعی شادیوں کا بھی ایجنڈا تیار کر رہا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضلع میں شادی کمیٹی قائم کی جائیگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ سوشل ویلفیئرو بیت المال کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ ویلفیئر پروگرام برائے غریب مساکین ونادارکے تحت مستحق طلبا میں چیک اور معذورمردو خواتین میں وھیل چیئرز کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمشیر وزیر اعلیٰ پنجاب فیصل حیات جبوآنہ، ایم پی ایز مہر اسلم بھروانہ، آصف کاٹھیا، ضلعی چیئر مین بیت المال کمیٹی عثمان قدیر چیمہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر عباس عادل ،میڈم فوزیہ،ارشد گجر، فرحت جبیں ،صفدر سندھو، رانا ظفر سمیت بیت المال کمیٹی کے اراکین اور شہریوں نے شرکت کی۔ چیئرمین ملک محمد اعظم نے کہا پسماندہ اضلاع پر ہماری توجہ فوکس ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں