چنیوٹ:صحافیوں بارے ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام تقریب
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کا دن منانے کے حوالے سے ہیومن رائٹس اینڈ ویلفیئر کونسل رجسٹرڈ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد ہوا۔۔
جس کی صدارت شوکت علی آزاد ایڈووکیٹ نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر خالد یاسین نے سر انجام دئیے۔ تقریب سے ڈاکٹر انوار مہدی، الطاف حسین،شورش آزاد، راجہ ریاض احمد،شاہد وقار ، شاویز بیگ ودیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ڈاکٹر خالد یاسین نے اس موقع پر کہا کہ صحافی معاشرے کی کان آنکھ سمجھا جاتا ہے اور انتہائی کٹھن اور خطرناک حالات میں اپنے فرائض سر انجام دیتا ہے مگر صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث اکثر ملزمان قانون کے کٹہرے میں نہیں لائے جاتے۔ شوکت علی آزاد نے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال یہ دن منانے کا مقصد عوام کو سچائی بتانے کی پاداش میں قتل ہونے یا تکلیفیں سہنے والے صحافیوں کو یاد کرنا ہے، کہنے کو تو پاکستان میں صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا قانون موجود ہے لیکن اس کے باوجود صحافیوں کے خلاف جرائم کے اعداد وشمار تشویش ناک حد تک پہنچ چکے ہیں،حکومتیں صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری و دیگر سے مطالبہ ہے کہ چنیوٹ میں زیر تعمیر ڈسٹرکٹ پریس کلب کو مکمل کرنے،صحافیوں کے لئے کالونی کے قیام سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے جائیں۔