پاکستان کوامریکا بارے انتہائی لچکدار پالیسیاں وضع کرنا ہونگی :ریحان نسیم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات کے تناظر میں پاکستان کو انتہائی لچکدار پالیسیاں وضع کرنا ہوں گی۔۔
تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں پاکستان کے مجموعی معاشی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدارتی انتخابات پر تبصر ہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انتخابات میں کسی بھی جماعت کی کامیابی کی صورتحال میں پاکستان کے معاشی مفادات کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے ،امریکہ پاکستان کا سب سے اہم تجارتی پارٹنر ہے ،پاکستان میں مستقبل کے حوالے سے امریکی حکومت سے مزید معاشی مراعات لینے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنا ہو گی ، گزشتہ کئی سالوں سے پاکستانی برآمدات 10 ارب ڈالر تک رکی ہوئی ہیں جس کو بڑھانے کیلئے پاکستانی برآمدات کیلئے امریکی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی ضروری ہے ۔ دریں اثنا پالیسی ریٹ میں کمی پر اپنے ردعمل میں ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے حکومت کی مثبت اور متوازن پالیسیوں کے نتیجہ میں پالیسی ریٹ میں بیک وقت اڑھائی فیصد کی کمی قابل تحسین ہے ، اس نے ثابت کر دیا کہ حکومت کی معاشی سمت درست ہے ۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران لئے گئے مشکل فیصلوں کے نتیجہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، افراط زر اور مہنگائی میں کمی کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ نے واضح کر دیا کہ معیشت بحالی کی سمت پرگامزن ہے ۔