چنیوٹ:انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے گزشتہ روز اسلامیہ ہسپتال میں بڑے فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کر دیا،اس کیمپ میں ہزاروں افراد مستفید ہوئے ،کیمپ میں مختلف اقسام کے فری میڈیکل ٹیسٹ کرنے کے ساتھ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنوری میں چنیوٹ جی سی یونیورسٹی کا افتتاح ہو گا، جس پر دو ارب روپے لاگت آئے گی،چنیوٹ میں دو یونیورسٹیاں بنیں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ چنیوث میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے ،آج ایک پارک کاافتتاح بھی کیا اور بہت سے کام جاری ہیں۔ میڈیکل کیمپ میں وفاقی وزیر نے اپنا بھی شوگر ٹیسٹ کرایا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل اور لیگی راہنماؤں کے ہمراہ دلخوشاب پارک ڈویلپمنٹ سکیم کا افتتاح کر دیا۔ 10 کروڑ کی لاگت سے دلخوشاب پارک میں واکنگ اور جاگنگ ٹریکس بنیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چنیوٹ کے اداروں نے بھی پارک کی دیکھ بھال نہیں کی پارک کی ابتر صورتحال ہے ، ڈویلپمنٹ سکیم مکمل ہونے سے پارک کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا،بعدازاں اپنے ڈیرے پر انہوں نے ترقیاتی سکیموں کے بارے میں عوام سے ملاقات کی۔