الائیڈ ہسپتال:ایم آر آئی مشین ایک ماہ بعد بھی ٹھیک نہ ہو سکی
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال میں ڈویژن کی اکلوتی ایم آر آئی مشین ایک ماہ بعد بھی مرمت نہ ہوسکی۔ ہزاروں ٹیسٹ التوا کا شکار ہونے سے مریض اذیت میں مبتلا، محکمہ صحت پنجاب نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کرلی۔
آٹھ اضلاع کے لاکھوں مریضوں کیلئے سرکاری سطح پر دستیاب اکلوتی ایم آئی آئی مشین میں ایک ماہ قبل خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں قائم یونٹ کو تالے لگا دیئے گئے ۔ انتظامیہ نے مرمتی کام کے لیے ٹھیکیدار کمپنی سے رابطہ کیا جس نے خراب ہونے والے پرزے بیرون ملک سے درآمد کرنے کے لئے وقت مانگ لیا تاہم متعدد بار ڈیڈ لائنز کے باوجود تاحال مشین کی مرمت و بحالی نہیں ہوسکی جس کے باعث مریض سرکاری سطح پر 3000 میں ہونے والا ٹیسٹ نجی سطح پر 10 سے 18 ہزار روپے تک کروانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ تقریبا 4500 کے قریب ٹیسٹ التوا کا شکار ہو چکے ہیں۔شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے معاملے کا نوٹس لینے اور ڈویژن کے ہر شہر میں کم از کم دو ایم آر آئی مشینوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔الائیڈ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مشین کی خرابی دور کروانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔