2024 ء:پٹرولنگ پولیس نے 6537اشتہاریوں ، مفروروں کوپکڑا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس نے 2024ء کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔تفصیلات کے مطابق سال 2024 ء میں پنجاب بھر میں پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 31.4 ملین افراد کی چیکنگ کی اور 6537اشتہاری ملزموں /عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا۔
پنجاب ہائی وے پٹرول نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 18.8 ملین گاڑیوں کو چیک کیا اور 3350 چوری شدہ گاڑیاں/موٹر سائیکلز بھی برآمد کیں۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 8 لاکھ 69 ہزار اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی، گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر پنجاب بھر میں 12 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر گزشتہ سال پی ایچ پی نے ایک لاکھ 48ہزار ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے ۔678گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایاگیا۔5005عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا گیا۔ پنجاب بھر کی شاہرات پر مشکلات کا شکار ایک لاکھ 12ہزار سے زائد مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔پولیس خدمت مراکزپر ایک لاکھ 19ہزار شہریوں کو مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 1093 مقدمات درج کروائے گئے ۔ منشیات فروشوں سے 20925 لٹر شراب، 400 کلوگرام چرس، 53 کلوگرام افیون اور ساڑھے پانچ کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی پر پی ایچ پی کو شاباش دی ۔