پیرمحل:میونسپل کمیٹی نے سٹالوں کے کرائے بڑھا دیئے
پیرمحل (نمائندہ دنیا )میونسپل کمیٹی پیرمحل نے سٹالوں کے ہزاروں گنا کرائے بڑھا دیئے ، دکاندار سراپا احتجاج بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی پیرمحل کی طرف سے ماہ اگست 2024میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے میونسپل کمیٹی کی دکانوں اور سٹال کے 200فیصد سے 300فیصد کرائے بڑھاکر دکانداروں سے ماہانہ کی بنیاد پر کرایہ جات کی وصولی شروع کردی گئی اور میونسپل کمیٹی پیرمحل کاعملہ ادائیگی نہ کرنیوالوں کی دکانیں سیل کرکے جرمانہ کے ساتھ کرایہ وصولی کے بعد سٹال ڈی سیل کرتاہے ۔اس کے چند ماہ بعد ہی ضلعی انتظامیہ نے سٹالز ، دکانوں او ر تہہ بازاری کے دس ہزار روپے سے 20ہزار روپے کرائے مقرر کرکے اوپن نیلامی کی تاریخ مقرر کردی جس سے دس فٹ کے سٹال میں کام کرنے والے معمولی دکاندار جو پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں فاقوں کا شکار ہیں، سخت پریشانی کا شکار ہوگئے ،ہزاروں خاندانوں کے بے روزگارہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ دکاند اروں اور سٹال ہولڈروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر ٹوبہ سے مطالبہ کیا ہے میونسپل کمیٹی کے سٹالوں کا مناسب کرایہ لگایا جائے اور ہزاروں کرایہ داروں کو بے روزگار ہونے سے بچایاجائے ۔